کرکٹ بورڈ کے نئے چیئرمین نجم سیٹھی نے رمیز راجا کے الزامات کو بے بنیاد قرار دے دیا۔ ایک ٹی وی انٹرویو میں نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ جب انہوں نے عہدہ سنبھالا بھی نہیں تھا تو رمیز راجا کو پیغام بجھوایا کہ ابھی ٹیم کا اعلان نہ کریں لیکن سیلکشن کمیٹی نے جان بوجھ کر ٹیم کا اعلان کیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ٹیم کی حالت اس قدر پتلی تھی کہ پاکستان فلیٹ پچز پر بھی ہار رہا تھا۔
کوشش اب یہی تھی کہ نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز ہاتھ سے نہ نکل جائے اسی لیے ٹیم میں دو تین تبدیلیاں کیں۔ سرفراز احمد نے اپنے انتخاب کو درست ثابت کردکھایا۔ شاہد آفریدی کو عبوری سلیکشن کمیٹی کا چیئرمین بنایا گیا ہے جنہوں نے اپنی تمام تر مصروفیات کے باوجود پاکستانی ٹیم کے لیے اپنی خدمات پیش کردیں۔ نجم سیٹھی کے مطابق ٹیم کا ایک فاسٹ بالر انجرڈ تھا لیکن منیجمنٹ جان بوجھ کر اس بات کو چھپاتی رہی۔ بہرحال اب بائیں ہاتھ کے فاسٹ بالر میر حمزہ کو ٹیم میں شامل کرکے اس کمی کو دور کیا جارہا ہے۔ نجم سیٹھی نے اس جانب بھی اشارہ دیا کہ وہ ویمن اور مین ٹیم کے لیے غیر ملکی کوچز لائیں گے کیونکہ ایسے کوچز سفارش کو پسند نہیں کرتے۔ انہوں نے دکھ کے ساتھ اس بات کا اظہار کیا کہ 4 سالوں میں بگٹی اسٹیڈیم کا برا حال ہو گیا ہے لیکن چھ ہفتوں میں اسے مکمل کرلیا جائے گا ۔ جس کے بعد سیکورٹی فراہم کرنے کے بعد وہاں پی ایس ایل 8 کے میچز کرائے جائیں گے۔
Discussion about this post