انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے 2022 کے ٹی ٹوئنٹی کھلاڑیوں کی نامزدگی کا اعلان کردیا۔ جس میں پاکستانی وکٹ کیپر محمد رضوان بھی شامل ہیں جبکہ بھارت کے سوریا کمار یادیو، زمبابوے کے سکندر رضا اور انگلینڈ کے سیم کرن، محمد رضوان سے مقابلہ کررہے ہیں۔ یاد رہے کہ محمد رضوان نے 2022 میں ٹی 20 میچز میں بہترین کارکردگی دکھائی ہےاس کا اندازہ یوں لگایا جاسکتا ہے کہ انہوں نے 25 میچز میں 996 رنز بنائے جبکہ وکٹوں کے پیچھے 9 کیچز اور 3 اسٹمپ بھی کیے۔
رضوان نے 45.27 کی اوسط سے رنز بنائے جس میں 10 نصف سینچریاں بھی شامل ہیں جبکہ وہ آئی سی سی کی ٹی20 رینکنگ میں دوسری پوزیشن پر ہیں۔ ان کے مقابلے میں سوریا کمار کا ٹی 20 میں ریکارڈ بہترین تصور کیا جاتا ہے۔ انگلینڈ کے فاسٹ بالر سیم کرن نے ٹی 20 ورلڈ کپ فائنل میں پاکستان کے خلاف شاندار بالنگ کی تھی۔ انہوں نے صرف 12 رنز کے بدلے 3 پاکستانی کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ اسی طرح سکندر رضا نے زمبابوبے کی جانب سے 24 ٹی 20 میچز میں 735 رنز کے علاوہ 25 کھلاڑیوں کو بھی ڈریسنگ روم کا راستہ دکھایا۔
Discussion about this post