وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا نے خیبر پختونخوا کے ضلع پشاور کے نواحی علاقے میں تھانے پر دہشتگردوں کے حملے میں ڈی ایس پی سمیت 3 پولیس اہلکاروں کے شہید ہونے پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا ہے۔ وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ وفاق کو صوبہ خیبرپختونخوا میں مسلسل بگڑتی ہوئی امن امان کی صورتحال پرسخت تشویش ہے، دہشت گرد تھانوں پر حملے کررہے ہیں،پولیس کے جوان اور افسران ٹارگٹ ہورہے ہیں۔ حالیہ واقعے سے لگتا ہے کہ صوبائی حکومت نے بنوں ہیڈ کوارٹر واقعہ سے کوئی سبق نہیں سیکھا۔ وزیراعلیٰ کی ساری توانائیاں اسمبلی توڑنے پر مرکوز ہیں، عوام کے جان کی ترجیح ہی نہیں ہے۔ دہشت گردوں کے حملوں میں کے پی پولیس بھی محفوظ نہیں، عوام کے تحفظ کا کیا ہوگا؟ یاد رہے کہ تھانے پر حملہ آور دہشت گردوں کی تعداد 6 سے 8 تھی۔ جنہوں نے جدید اسلحے کا بھی استعمال کیا۔
Discussion about this post