سابق صدر آصف علی زرداری کی طرف سے تحریک انصاف کے سربراہ اور سابق وزیراعظم عمران خان کو قانونی نوٹس روانہ کردیا گیا ہے جس میں 2 ہفتے کے اندر عمران خان سے غیر مشروط معافی مانگنے کا مطالبہ کیا گیا ہے ۔ یہ عمل نہ کرنے پر عمران خان سے 10 ارب روپے ہرجانہ بھرنے کا مطالبہ کیا جائے گا۔ آصف زرداری کے اس نوٹس کے مطابق عمران خان نے اُن پر قتل کی سازش کا جھوٹا الزام لگایا جس سے ان کی ساکھ متاثر ہوئی۔ آصف زرداری کا کہنا ہے کہ عمران خان نے 14 دن میں اس بیان پر غیر مشروط معافی نہ مانگی تو ان کے خلاف سول اور فوج داری کاروائی کی جائے گی۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ آصف زرداری نے یہ قانونی کارروائی پاکستان اور برطانیہ دونوں جگہ کی ہے۔
یاد رہے کہ عمران خان نے جمعرات کو کارکنوں سے خطاب میں کہا تھا کہ آصف زرداری نے انہیں قتل کرانے کے لیے دہشت گرد تنظیم کو رقم دی ہے جبکہ اس سازش میں طاقت ور لوگ سہولت کارہیں۔ اس بیان کے بعد پیپلز پارٹی نے اُسی دن عمران خان سے رات تک معافی مانگنے کا مطالبہ کیا تھا بصورت دیگر قانونی نوٹس بھیجنے کا اعلان بھی کیا تھا جبکہ پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ عمران خان کے اس بیان کے بعد ان کے والد، پارٹی اور خود ان پر حملہ ہوا تو اس کا حساب لیا جائے گا۔
Discussion about this post