اسلام آباد کی ضلعی عدالت کے ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال کی عدالت میں توشہ خانہ ریفرنس پر سماعت ہوئی۔ عدالت نے آج عمران خان کو طلب کررکھا تھا لیکن پی ٹی آئی سربراہ کے وکلا نے میڈیکل سرٹی فکٹ پیش کردیے کہ ان کے موکل عمران خان عدالت میں حاضر نہیں ہوسکتے۔ وکلا نے عمران خان کے 30 ہزار روپے کے مچلکے بھی جمع کرادیے۔ سماعت کے دوران الیکشن کمیشن اور عمران خان کے وکلا کے درمیان گرما گرمی بھی ہوئی۔ عمران خان کے وکیل نے مخالف وکیل کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ انہیں ہدایت نہ دیں، کورٹ کو مخاطب کریں۔ الیکشن کمیشن کے وکیل کا مطالبہ تھا کہ عمران خان آج بھی پیش نہیں ہوئے ان کے خلاف وارنٹ گرفتاری جاری کیے جائیں۔ کیونکہ الیکشن کمیشن نے عمران خان کے خلاف فوج داری کارروائی کا ریفرنس عدالت کو بھیجا تھا۔ عدالت نے تمام تر دلائل سننے کے بعد 7 فروری کو عمران خان کے خلاف فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
Discussion about this post