پاکستان ٹیلی کمیونیکشن اتھارٹی نے توہین آمیز مواد بلاک نہ کرنے یا پھر نہ ہٹانے کی وجہ سے ملک بھر میں وکی پیڈیا سروسز ڈی گریڈ کردی ہیں۔ پی ٹی اے کے اعلامیہ کے مطابق قابل اطلاق قانون اور عدالتی حکم کے تحت نوٹس جاری کرکے مذکورہ مواد کو بلاک کرنے یا ہٹانے کے لیے وکی پیڈیا سے رابطہ کیا گیا تھا۔ سماعت کا موقع بھی فراہم کیا گیا لیکن پلیٹ فارم نے توہین آمیز ہٹانے کی تعمیل کی اور ناہی اتھارٹی کے سامنے پیش ہوا۔ پی ٹی اے کی ہدایات پر جان بوجھ کر عدم تعمیلی کے پیش نظر وکی پیڈیا کی سروسز کو 48 گھنٹوں کے لیے ڈی گریڈ کردیا گیا ہے اور رپورٹ کردہ مواد کو ہٹانے یا بلاک کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ وکی پیڈیا کی طرف سے تعمیل نہ کرنے کی صورت میں پلیٹ فارم پاکستان کے اندر بلاک کردیا جائے گا۔
پی ٹی اے کے مطابق رپورٹ کردہ غیرقانونی مواد کو بلاک کرنے یا ہٹانے کے بعد ویب سائٹ پر سے پابندیاں اٹھائے جانے پر دوبارہ غور کیا جائے گا۔ پی ٹی اے نے وکی پیڈیا سے کہا ہے کہ وہ اس بات کو یقنی بنائے کہ پاکستان کے مقامی قانون اور ضوابط پر عمل کرکے پاکستانی شہریوں کے لیے محفوظ آن لائن تجربے پر کام کیا جائے۔ وکی پیڈیا کی سروسز سے مراد اس ویب سائٹ سے جڑے چند فیچرز ہیں ان میں سب سے زیادہ اہم اشتہارات کے لیے آن لائن خدمات اور ساتھ ہی کسی بھی معلومات کے بارے میں دستیاب وسائل تک رسائی کومحدود کرنا۔ اس کے علاوہ ویب سائٹ سے جڑے کچھ صفحات کو صارفین کے لیے محدود کردیا جاتاہے۔ پی ٹی اے نے وکی پیڈیا کو باور کرایا تھا کہ وہ توہین آمیز اور قابل اعتراض مواد اپنی ویب سائٹ سے بلاک کرے یا پھر انہیں ہٹائے۔
Discussion about this post