جمعہ کی شام کراچی میں پولیس آفس پر دہشت گردوں کے حملے کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ اور پاکستان سپر لیگ فرنچائز مالکان کا اہم اجلاس ہوا۔ جس میں یہ طے پایا گیا کہ کراچی میں پی ایس ایل 8 کے میچز شیڈول کے مطابق جاری رکھے جائیں گے۔ واقعہ کا براہ راست تعلق پی ایس ایل سے نہیں تھا۔ فیصلہ یہ بھی ہوا ہے کہ دیگر میچز بھی کراچی میں شیڈول کے مطابق ہی ہوں گے۔ اجلاس میں اتفاق کیا گیا کہ کھلاڑیوں کو پہلے سے ہی سربراہان مملکت کے معیار کی سیکیورٹی دی گئی ہے جو کسی بھی ملک میں سیکیورٹی کا سب سے ٹاپ لیول ہوتا ہے۔
یاد رہے کہ کراچی اسٹیڈیم میں پی ایس ایل کے اب تک 3 میچز ہوچکے ہیں۔ آج شام 7 بجے کراچی کنگز، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے مقابلہ کرے گی۔ کراچی میں مسلسل 3 دن میچز ہورہے ہیں جبکہ آخری میچ اس شہر میں 26 فروری کو ہوگا۔ کراچی پولیس آفس کے دفتر پر جب حملہ ہوا تو نیشنل اسٹیڈیم میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور لاہور قلندرز کی ٹیمیں پریکٹس کررہی تھیں۔ سیکیورٹی کلیئرنس تک دونوں ٹیمیں اسٹیڈیم کے اندر ہی رہیں۔ جمعے کو کراچی پولیس چیف کے دفتر پر دہشت گردوں نے حملہ کیا، لگ بھگ چار گھنٹے تک جاری رہنے والے قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں اور پولیس کے اس آپریشن کے بعد عمارت کو کلئیرکرایاگیا۔ پولیس نے تینوں دہشت گردوں کو مار گرایا جبکہ ایک ہیڈ کانسٹیبل اور ایک شہری شہید ہوا اور 15 افراد زخمی ہوئے تھے، جن میں پولیس اور رینجرز اہلکار بھی شامل تھے۔
Discussion about this post