لیویز کے مطابق کوئٹہ سبی شاہراہ پر کمبڑی پل کے قریب بلوچستان کانسٹیبلری وین کو نشانہ بنایا گیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق 9 سیکیورٹی اہلکار شہید اور 6 زخمی ہوگئے۔اہلکار سبی میلے میں ڈیوٹی انجام دینے کے بعد واپس لوٹ رہے تھے کہ راستے میں انہیں نشانہ بنایا گیا۔ دھماکہ اس قدر طاقت ور تھا کہ گاڑی الٹ گئی جس کے نیچے اہلکار دب گئے۔ واقعے کی اطلاع پر انتظامیہ اور سیکوریٹی فورسز نے جائے وقوع کو گھیر لیا جبکہ کوئٹہ اور سبی کے سبھی اسپتالوں میں ایمرجنسی لگادی گئی ہے۔ تمام کنسلٹنٹس، ڈاکٹرز، فارماسسٹس، اسٹاف نرسز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کو طلب کر لیا گیا ہے۔ ایس پی بولان محمود نوتیزئی نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ دھماکہ خودکش ہو سکتاہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ بعض زخمیوں کی حالت تشویش ناک ہے۔اُدھر وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے بولان میں بلوچستان کانسٹیبلری وین پر دہشت گرد حملے کی مذمت کی ہے۔ جبکہ وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا نے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔
Discussion about this post