وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے سابق گورنر ستیہ پال ملک کے انکشاف کے بعد اب پلوامہ معاملہ عالمی فورمز پر اٹھانے کی تیاری کررہے ہیں۔ خواجہ آصف کے مطابق پلوامہ حملے پر ستیہ پال ملک نے مودی کے سارے بیانیے کا ملیا میٹ کر دیا، پلوامہ واقعے پر پاکستان نے سنجیدگی دکھائی، اس سلسلے میں مزید انکشافات ہوں گے۔ خواجہ آصف کا مزید کہنا تھا کہ بھارت سنجیدہ موضوع پر کم نظری دکھا رہا ہے، بھارت کے ایسے بیانیے جھوٹ پر ہوتے ہیں۔ اب ثابت ہو گیا بھارتی بیانیہ اور پلوامہ حملہ جھوٹ پر مبنی تھا۔یاد رہے کہ مقبوضہ کشمیر کے سابق گورنر نے پلوامہ واقعے کو بھارتی وزیراعطم مودی کی نااہلی قرار دیتے ہوئے انکشاف کیا تھا کہ بھارتی فوجیوں کی ہلاکت میں خود بھارتی حکومت ملوث ہے۔ ستیہ پال ملک کا کہناتھاکہ مودی سرکار کو حملے کا علم تھا لیکن مودی نے فوجیوں کو بچانے کے بجائے مروا دیا اور ملبہ پاکستان پر ڈال دیا۔ سابق گورنر کا کہناتھاکہ نیشنل سیکیورٹی ایڈوائزر اجیت دوول نے بھی انہیں پلوامہ معاملے پر بات کرنے سے منع کر دیا تھا،انہیں احساس ہو گیا تھا کہ پلوامہ ڈرامے کا مقصد صرف اور صرف بی جے پی کو انتخابات میں فائدہ پہنچانا تھا،مودی سرکار اور بی جے پی مقبوضہ کشمیر میں سیاسی زلزلے کا باعث بن سکتی ہے۔
Discussion about this post