ادتیہ پنچولی اور زرینہ وہاب کے بیٹے سورج پنچولی کو اداکارہ جیا خان کی خودکشی مقدمے میں بردی کردیا گیا ہے۔ سینٹرل بیورو آف انویسٹیگیشن سی بی آئی کی خصوصی عدالت نے آج جیا خان خودکشی کیس کا حتمی فیصلہ سنایا۔ ثبوت کی کمی کے باعث ہی سورج پنچولی کو بے گناہ قرار دیا گیا۔ یاد رہے کہ امریکی شہری اور اداکارہ جیا خان 3 جون 2013 کو ممبئی کے گھر میں مردہ حالت میں پائی گئی تھیں۔ جائے وقوعہ سے پولیس حکام کو جیا خان کا 6 صفحات پر مبنی خط بھی ملا تھا جس میں سورج پنچولی پر الزام لگایا گیا تھا کہ انہوں نے جیا خان کو خودکشی پر اکسانے پر مجبور کیا۔
اس خط کے بعد پولیس نے سورج پنچولی کو گرفتار کرلیا تھا۔ حکام کا دعویٰ تھا کہ اس اعترافی خط میں جیا خان نے بوائے فرینڈ سورج کے ساتھ تعلقات اور نفسیاتی اور جسمانی تشدد کے بارے میں لکھا۔ سورج کی گرفتاری کے بعد یکم جولائی 2013 کو ان کو ضمانت مل گئی تھی۔ جیا خان کی والدہ رابعہ خان نے اس رہائی پر احتجاج اور مظاہرہ کیا جس کے نتجے میں رابعہ خان کی درخواست پر بمبئی ہائی کورٹ نے 2014 میں اس معاملے کی جانچ سی بی آئی کو سونپ دی تھی۔ سی بی آئی نے 2015 میں فرد جرم دائر کی، جس میں سورج پنچولی پر خودکشی کے لئے اکسانے کی دفعہ 306 کے تحت الزامات عائد کیے۔ 2019 میں آغاز ہونے والے اس مقدمے کی سماعت اب آج مکمل ہوگئی۔ آج فیصلہ سنانے سے پہلے سورج پنچولی کی والدہ زرینہ وہاب نے پرستاروں سے دعا کی تھی کہ وہ ان کے بیٹے کے لیے دعا کریں۔
Discussion about this post