سندھ کے وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ کراچی کے عوام کے ٹیکس سے خریدی گئی بسوں کو جلانا انتہائی افسوس ناک امر ہے۔ پولیس کو حکم دے دیا ہے کہ شرپسندوں کے خلاف ایکشن لیں۔اب احتجاج کی کال دینے والے بچ کر نہیں رہیں گے۔ امن وامان کی صورتحال کسی کو خراب کرنے نہیں دیں گے۔ مراد علی شاہ کہتے ہیں کہ عمران خان سے اُن کا کوئی لینا دینا نہیں، وہ بےقصور ہوں گے تو عدالت سے ریلیف مل جائے گا۔ واٹر اور پولیس گاڑیوں کو جلانا افسوسناک ہے۔ دوسری جانب سندھ کے وزیراطلاعات شرجیل میمن کہتے ہیں کہ سابق وزیرِ اعظم عمران خان کی گرفتاری پر جشن نہیں منا رہے، شکر کریں نیب میں اب ریمانڈ 90 دن کا نہیں 14 دن کا ہے۔
شرجیل میمن کا مزید کہنا تھا کہ منگل کو جو تماشہ لگایا گیا وہ ناقابل قبول ہے۔ واٹر بورڈ کی گاڑیوں کو آگ لگائی گئی، عمران خان کی دشمنی افراد سے نہیں ملک سے ہے۔ بسوں کو جلانے والوں کو معافی نہیں ملے گی، جن لوگوں نے بسیں جلائیں ان کو گرفتار کیا جائے گا۔ شرجیل میمن کے مطابق پولیس چاہتی تو شاہراہ فیصل کو 5 منٹ میں صاف کرا دیتی مگر تصادم نہیں چاہتے تھے۔۔ کراچی کے شہری اپنا کاروبار کھولیں، کسی نے قانون ہاتھ میں لیا کارروائی ہو گی۔
Discussion about this post