اکتوبر میں بھارت میں ہونے والے عالمی کرکٹ کپ کے لیے پاکستانی ٹیم کی شرکت کا معاملہ اب ہائی پروفائل کمیٹی دیکھے گی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے ہائی پروفاٸل کمیٹی بنادی ہے۔ کمیٹی کے سربراہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری جبکہ دیگر ارکان وفاقی وزیر رانا ثنا ، اعظم تارڑ، احسان مزاری، مریم اورنگزیب، اسعد محمود، امین الحق، قمر زمان کاٸرہ اور طارق فاطمی شامل ہیں۔ کمیٹی بھارت میں ہونے والے عالمی کرکٹ کپ سے متعلق تمام امور پر سفارشات تیار کرے گی جس کی روشنی میں یہ فیصلہ کیا جائے گا کہ پاکستانی ٹیم کو عالمی کپ کے لیے بھارت روانہ کرنا ہے کہ نہیں۔ سفارشات منظوری کے لیے وزیراعظم کو بھجوائی جائیں گی جس کے بعد وزیراعظم ہی حتمی فیصلہ کریں گے۔ یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی ٹیم کی عالمی کپ میں شرکت حکومتی اجازت سے مشروط کر رکھی ہے۔ عالمی کرکٹ کپ 5 اکتوبر سے ہورہا ہے۔ پاکستان اپنا پہلا میچ 6 اکتوبر کو حیدرآباد میں کھلے گا جبکہ پاکستان اور بھارت کا ٹاکرا احمد آباد میں 15 اکتوبر کو ہوگا۔
Discussion about this post