رات گئے اسلام آباد اور راولپنڈی میں طوفانی بارش ہوئی۔ وفاقی دارالحکومت کے پشاور روڈ پر گولڑہ موڑ کے قریب موسلادھار بارش کی وجہ سے دیوار ایسی گری کہ اس کے نیچے دب کر 12 افراد کی زندگیوں کا چراغ گل ہوگیا۔ ریسکیو ٹیموں کو جائے وقوع پر پہنچایا گیا جنہوں نے امدادی سرگرمیوں میں حصہ لیتے ہوئے ان 12 افراد کی لاشیں نکالیں۔ پولیس حکام کے مطابق زمین بوس ہونے والی دیوار کی لمبائی 100 فٹ اور 11 فٹ اونچی تھی۔ جس کی آڑ میں پل کی تعمیر کے لیے موجود مزدوروں نے ٹینٹ لگا رکھا تھا۔ مزید افراد کی تلاش کے لیے مشین کی مدد سے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ اُدھر اسلام آباد کے ہی تھانہ کھنہ کے علاقے محمدی ٹاؤن میں دیوار گرنے کا ایک اور واقعہ پیش آیا جس کے نتیجے میں 11 برس کی بچی جاں بحق ہوگئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج اسلام آباد، پنجاب، خیبر پختونخوا، بلوچستان اور کشمیر میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے جبکہ جمعرات سے ہفتے تک کراچی، حیدرآباد، سانگھڑ، بدین اور ٹھٹہ میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
Discussion about this post