آسٹریلوی پولیس کے مطابق 14 اگست کو سڈنی سے کوالالمپور جانے والی ملائیشیا ایئر لائن کی پرواز میں اس وقت کھلبلی مچ گئی جب ایک مشتعل شخص نے دعویٰ کیا کہ اس کے بیگ میں "دھماکہ خیز مواد” ہے اور وہ جہاز کو اڑا دے گا۔ لگ بھگ ڈھائی گھنٹے کے بعد 45 برس کے شخص کو گرفتار کرلیا گیا جس پر ہوائی جہاز میں امن و امان کی خراب صورتحال پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ ہنگامہ آرائی کا بھی الزام لگایا گیا ہے۔
یہ وہی شخص تھا جس نے ہوائی جہاز کی راہ گزر پر چٹائی بچھا کر نماز کی ادائیگی بھی کی تھی جس کی وجہ سے دیگر مسافروں کو اپنی نشست پر بیٹھنے کے لیے انتظار کرنا پڑا اور اس کے اس عمل کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی۔ معلوم ہوا ہے کہ یہ شخص دراصل پاکستانی سابق ماڈل عارف علی ہے جو ابرار الحق کے گانے ” پریتو ” میں بھی ماڈلنگ کرچکا ہےجبکہ پاکستانی مزاحیہ ڈراما سیریل ” کالج جینز” میں بھی کام کرچکے ہیں۔
معلوم ہوا ہے کہ عارف علی نے ایک طویل عرصے پہلے اداکاری سے کنارہ کشی اختیار کرلی تھی اور ان کا زیادہ تر وقت تبلیغ میں گزرتا۔ عارف علی کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے مطابق وہ آسٹریلیا کے دارالحکومت کینبرا میں رہتے ہیں۔ ان کا یوٹیوب چینل "فوڈ فار تھیٹ” شارٹس اور ویڈیوز پر مشتمل ہے، عارف علی کی بیشتر پوسٹس مذہبی خیالات پر مبنی ہیں ۔
Discussion about this post