یوم دفاع کے موقع پر اپنے پیغام میں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کا کہنا تھا کہ پاک فوج دشمن کی کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے ہر پل تیار ہے۔ دفاع وطن کو اپنی جان سے مقدم رکھنا پاک فوج کے ہر افسر اور جوان کا عزم ہے۔ ۔ پاک فوج اور عوام کے درمیان اعتماد و یگانگت ہماراقیمتی اثاثہ ہے۔ حال ہی میں بعض عناصر نے عوام اور فوج کے رشتے پر وار کرنے کی گھناؤنی کوشش کی، افواج پاکستان نے بحیثیت ایک قومی ادارہ نہایت تحمل اور سمجھ داری سے اسے ناکام بنایا۔ آرمی چیف عاصم منیر کا مزید کہنا تھا کہ پاک فوج اپنے نظم و ضبط اور اعلیٰ پیشہ ورانہ معیار کے باعث دنیا میں نمایاں مقام رکھتی ہے۔ یومِ دفاع و شہدا ہماری قومی و عسکری تاریخ کا ایک اہم سنگ میل ہے۔
یہ دن اپنی مسلح افواج کی لازوال قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔ ۔ 65 کی جنگ میں قومی اتحاد و یکجہتی کا عظیم جذبہ دیکھنے میں آیا، اسی جذبے اور جوش سے ہم نے دشمن کی جارحیت کو ناکام بنایا۔ ۔ پاک فوج عوام کی خواہشات اور امنگوں کا محور ہے۔ مضبوط معیشت مضبوط دفاع کے لیے ناگزیر ہے۔ باہمی تعاون سے پاکستان اقتصادی ترقی کی راہ پر گامزن ہو گا۔
Discussion about this post