بالی وڈ کے بادشاہ شاہ رخ خان کو ان کی دو مسلسل ہٹ فلموں ” جواں ” اور ” پٹھان ” پر اب دھمکی آمیز پیغامات ملنا شوع ہوگئے ہیں۔ انہی دھمکیوں کی وجہ سے اب شاہ رخ خان کے گرد حفاظتی اقدامات سخت کردیے گئے ہیں۔ ریاست مہاراشٹرکی حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ شاہ رخ خان کے ساتھ سیکوریٹی یونٹ کے کمانڈوز کی ایک ٹیم ہر وقت ساتھ رہے گی جبکہ ان کے ممبئی کے گھر ” منت ” کی سیکوریٹی میں بھی اضافہ کردیا گیا ہے۔

ممبئی پولیس کے 4 اہلکار 24 گھنٹے شاہ رخ خان کے گھر کی حفاظت کریں گے، اس کے علاوہ بالی وڈ اسٹار جب بھی کہیں گھر سے باہر جائیں گے تو ان کی سیکیورٹی میں ایک تربیت یافتہ کمانڈو کے ساتھ ٹریفک کلیئرنس گاڑی بھی ہوگی جو ٹریفک کو کلیئر کرے گی تاکہ کوئی اداکار کی گاڑی کے آگے یا پیچھے نہ آئے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق شاہ رخ خان کو دھمکیاں مل رہی ہیں اور یہ صرف اس لیے ہورہا ہے کہ کیونکہ ان کی ” جوان ” اور ” پٹھان ” نے باکس آفس پر تہلکہ مچادیا ہے۔ ’پٹھان‘ نے پوری دنیا میں کامیابی سے بزنس کرتے ہوئے 1050 کروڑ کا مجموعی بزنس کیا جبکہ’جوان‘ اب تک دنیا بھر میں 1090 کروڑ کا بزنس کرچکی ہے۔
Discussion about this post