نگراں وفاقی وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ بے دخل کیے جانے والے غیر ملکی شہریوں کے فی گھرانے کو زیادہ سے زیادہ 50 ہزار روپے نقد کرنسی ساتھ لے جانے کی اجازت ہوگی۔ بینکنگ چینلز یا دیگر ذرائع سے منتقلی کے لیے پالیسی بنائی جا رہی ہے جو ایک دو روز میں طے ہوجائے گی۔ وفاقی وزیر کے مطابق مختلف شہروں میں ہولڈنگ سینٹرز قائم کردیے گئے ہیں ۔ غیر قانونی غیر ملکیوں کو وہاں رکھا جائے گا۔ جس کے بعد وہاں سے انہیں ان کے ملک بھیجا جائے گا۔
یکم نومبر کے بعد ان غیرقانونی غیر ملکیوں سے کی بے دخلی کی پالیسی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے ایک بار پھر واضح کیا کہ بے دخلی سے متعلق پالیسی صرف غیر قانونی غیر ملکیوں کے لیے ہے جن کے پاس کوئی سفری دستاویز نہیں ہے ان کو جیلوں میں نہیں رکھا جائے گا۔ سرفراز بگٹی کا مزید کہنا تھا کہ غیر ملکیوں کے غیر قانونی شناختی کارڈ بنانے والوں کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔ ریاست جانتی ہے کہ غیرقانونی شہری کہاں کہاں ہیں۔ جو خود رضا کارانہ واپسی کی پیش کش کرے گا اس کی حوصلہ افزائی کی جائے گی، جو رضاکارانہ واپس جا رہے ہیں، ان کے لیے مشکلات کم ہوں گی۔
Discussion about this post