قومی ووٹرز ڈے کے موقع پر جاری ہونے والے پیغام میں چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کا کہنا تھا کہ 8 فروری 2024 کو ہی الیکشن ہوں گے اور چند دن میں ہی الیکشن شیڈول دیا جائے گا۔ الیکشن کمیشن اپنی تمام آئینی و قانونی ذمے داریوں سے بخوبی آگاہ ہے، شفاف، پُرامن انتخابات کے انعقاد کے لیے پوری طرح تیار اور پُرعزم ہیں۔ چیف الیکشن کمشنر کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن عام انتخابات کی تیاریوں میں مصروف ہے، حتمی انتخابی فہرستوں کی پرنٹنگ و ترسیل کا کام مکمل ہو چکا ہے۔ چند روز میں ڈی آر او، آر او اور اسسٹنٹ افسران کا نوٹیفکیشن جاری ہو جائے گا۔ چیف الیکشن کمشنر کے مطابق عوام ملک و قوم کے روشن مستقبل کے لیے اپنا حقِ رائے دہی استعمال کریں، الیکشن کمیشن کے ساتھ تعاون کریں، پُرامن انتخابات کا انعقاد یقینی بنائیں۔ عوام کو یاد رکھنا چاہیے کہ آپ کے ہاتھوں میں ووٹ کی طاقت ہے، اپنے اور بچوں کے مستقبل کو سامنے رکھ کر ووٹ کا استعمال کریں۔
Discussion about this post