پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں ہنڈرڈ انڈیکس پھرسے 64000 کی سطح کو عبور کرگیا ہے۔ نئے سال کے پہلے ہی دن اسٹاک ایکسچینج میں کاروبار میں مثبت رجحان دیکھنے کو ملا جہاں کے ایس ای 100 انڈیکس میں 1580 پوائنٹس کا اضافہ ہوا ہے۔ کاروبار کے آخری دن یہ 62 ہزار 451 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔ آج کاروباری ہفتے کے پہلے دن کے ایس ای 100 انڈیکس 2.5 فیصد اضافے کے ساتھ 64 ہزار 9 پوائنٹس تک پہنچ گیا۔ کے ایس ای 100 انڈیکس اس وقت 64 ہزار 34 پر ٹریڈ کررہا ہے۔ یاد رہے کہ گزشتہ سال دسمبر میں اسٹاک ایکسیچنج میں کبھی تیزی اور کبھی مندی کا رجحان دیکھنے کو ملا تھا ۔ دسمبر کے ابتدائی ہفتوں میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں ہنڈرڈ انڈیکس 67 ہزار سے تجاوز کرگیا تھا، تاہم اختتامی ہفتوں میں ہنڈرڈ انڈیکس کم ہوکر 59 ہزار پوائنٹس تک آگیا تھا۔ اسی طرح 2023 کے پہلے کاروباری روز کے ایس ای-100 انڈیکس 40 ہزار 815 پرپہنچا تھا جبکہ 2023 کے آخری کاروباری دن انڈیکس 62 ہزار 451 کی سطح پر بند ہوا تھا۔
Discussion about this post