پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے قوم کے نام اپنے پیغام میں نگران حکومت، الیکشن کمیشن اور سیاسی جماعتوں کے علاوہ کامیاب امیدواروں کو مبارکباد دی۔ آرمی چیف کا کہنا تھا کہ عوام کی حق رائے دہی کے لیے آزادانہ شرکت جمہوریت کے لیے عزم کا ثبوت ہے۔ انتخابات اور جمہوریت پاکستان کے عوام کی خدمت کا ذریعہ ہیں۔ آرمی چیف جنرل عاصم منیرکے مطابق انتخابات کے کامیاب انعقاد میں قومی میڈیا، سول سوسائٹی اور عدلیہ کے ارکان نے بھی تعمیری کردار ادا کیا۔ انتخابات جیتنے اور ہارنے کا مقابلہ نہیں بلکہ عوام کے مینڈیٹ کا تعین کرنے کی مشق ہے، سب نے ملکر قومی تاریخ کی سب سے بڑی انتخابی مشق کے کامیاب انعقاد کو ممکن بنایا۔ آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ غور کرنا چاہیے کہ پاکستان کہاں کھڑا ہے اور باقی اقوام میں ہمارا صحیح مقام کہاں ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ قوم کو انتشار اور پولرائزیشن کی سیاست سے آگے بڑھنے کے لیے مستحکم ہاتھوں کی ضرورت ہے، پولرائزیشن اور انتشار ایک ترقی پسند ملک کے لیے موزوں نہیں۔ جنرل عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان کے انتخابات میں عوام نے آئین پاکستان پر اپنا مشترکہ اعتماد ظاہر کیا۔
Discussion about this post