این اے 55 راولپنڈی کے نتائج سے متعلق درخواست پر سماعت کے دوران چیف الیکشن کمشنر سلطان سکندر راجا کا کہنا تھا کہ دھاندلی کے الزامات لگانے والے ثبوت پیش کریں۔ این اے 55 سے کامیاب امیدوار ابرار احمد کے وکیل کا کہنا تھا کہ ریٹرننگ افسر این اے 55 کا حتمی نتیجہ جاری کرچکا ہے، الیکشن کمیشن درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر خارج کرے، مزید تحقیقات کے لیے معاملہ الیکشن ٹریبونل کو بھجوایا جاسکتا ہے۔ وکیل بشارت راجہ کے مطابق میڈیا رپورٹس کے مطابق بھی این اے 55 سے بشارت راجہ جیت رہے تھے۔ اس موقع پر چیف الیکشن کمشنر کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن نے میڈیا رپورٹس کی بنیاد پر تو فیصلے نہیں دینے، دھاندلی اور نتائج ردوبدل کے الزامات لگانے والے ثبوت بھی پیش کریں۔ وکیل بشارت راجہ نے کہا کہ ثبوت الیکشن کمیشن کے پاس ہیں، فارم 45 کھول کر دیکھ لیں دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا۔ الیکشن کمیشن نے این اے 55 راولپنڈی سے متعلق درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔
Discussion about this post