قومی اسمبلی کے افتتاحی اجلاس کے آغاز پر تلاوت کلام پاک، حمد وثنا اور قومی ترانہ پڑھا گیا، اس موقع پر اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف نے نو منتخب اراکین سے حلف لیا۔ ۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز مہمانوں کی گیلری میں موجود تھیں۔ آزاد اراکین نے بانی پی ٹی آئی کے ماسک پہن کر ایوان میں احتجاج کیا ۔ یہ ارکان پی ٹی آئی کے جھنڈے بھی ایوان میں لے آئے۔
پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ اراکین نے اسپیکر نشست پر کھڑے ہوکر بانی پی ٹی آئی کے حق میں نعرے بھی لگائے۔ دوسری جانب اب قومی اسمبلی سیکریٹریٹ نے اسپیکر و ڈپٹی اسپیکر کے الیکشن کاشیڈول تبدیل کر دیا۔ اسپیکر و ڈپٹی اسپیکر کے لیے کاغذاتِ نامزدگی جمعرات کو دن 12 بجے سے پہلے جمع کرائے جائیں گے، جبکہ اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا الیکشن جمعہ کو ہوگا۔
اسپیکر کے لیے نون لیگ کے ایاز صادق مقابلے پر ہیں۔ اس سے پہلے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے لیے کاغذاتِ نامزدگی یکم مارچ کو جمع ہونے تھے جبکہ انتخاب 2 مارچ کو ہونا تھا۔اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے الیکشن کے بعد وزیراعظم کا انتخاب عمل میں لایا جائےگا۔
جس کے لیے کاغذاتِ نامزدگی 3 مارچ کو جمع ہوں گے، 4 مارچ کو قومی اسمبلی نئے وزیرِ اعظم کا انتخاب کرے گی، اسی دن وزیرِ اعظم کا اپنے عہدے کا حلف لینے کا امکان ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ نون لیگ اور اس کے اتحادیوں کے متفقہ امیدوار شہباز شریف کو دوسری بار وزیراعظم بننے کے لیے 200 سے زیادہ ارکان کی حمایت حاصل ہے۔
Discussion about this post