اسلام آباد ہائی کورٹ نے شہریار آفریدی کی گرفتاری کے لیے ایم پی او آرڈر جاری کرنے پر توہینِ عدالت کیس میں ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کو 6 ماہ قید کی سزا سنا دی۔ عدالتِ عالیہ نے ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کو توہینِ عدالت کا مرتکب قرار دیتے ہوئے سزا سنائی ہے۔ تحریک انصاف کے رہنما شہر یار آفریدی کی گرفتاری کے لیے ایم پی او آرڈر جاری کرنے پر ڈی سی اسلام آباد کے خلاف توہین عدالت کیس قائم ہوا تھا۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے عدالتی فیصلے کی کاپی وزیرِ اعظم کو بھجوانے کی ہدایت بھی کی ہے۔ حکم کے مطابق ڈی سی اسلام آباد 1 ماہ کے دوران فیصلے کے خلاف اپیل فائل کرسکتے ہیں ، 1 ماہ تک اگر عدالت سے فیصلہ معطل نہ ہوا تو انہیں جیل بھجوایا جائے۔ معلوم ہوا ہے کہ ڈی سی اسلام آباد عرفان نواز میمن نے توہینِ عدالت کیس میں اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے سنائی گئی سزا کو چیلنج کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ ڈی سی اسلام آباد عرفان نواز میمن اور دیگر نے توہینِ عدالت کیس میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے سنگل بینچ کا حکم چیلنج کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
Discussion about this post