صدر پاکستان کی نشست کے لیے آصف علی زرداری کی جانب سے فاروق ایچ نائیک اور سلیم مانڈوی والا نے چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ کی عدالت میں کاغذات نامزدگی جمع کرادیے۔ یاد رہے کہ سینیٹ اور قومی اسمبلی میں صدارتی الیکشن کیلئے چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کو پریذائیڈنگ افسر مقرر کیا گیا ہے۔ ادھر سنی اتحاد کونسل نے پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی کو اپنا صدارتی امیدوار نامزد کر دیا۔ سنی اتحاد کونسل کی جانب سے لطیف کھوسہ، عمر ایوب خان اور دیگر رہنماؤں نے صدر کے لئے محمود خان اچکزئی کے کاغذات نامزدگی جمع کرادیے۔ الیکشن کمیشن نے 9 مارچ کو ہونے والے صدارتی انتخاب کا شیڈول جاری کر دیا ہے۔
2 مارچ کو کاغذاتِ نامزدگی 12 بجے سے پہلے جمع کرائے جا سکیں گے، کاغذاتِ نامزدگی کی جانچ پڑتال 4 مارچ کو ریٹرننگ آفیسر صبح 10 بجے کریں گے جو 5 مارچ دوپہر 12 بجے تک واپس لیے جا سکیں گے، صدارت کے امیدواروں کی فہرست 5 مارچ کو 1 بجے آویزاں کی جائے گی اور دستبردار ہونے کی تاریخ 6 مارچ ہوگی۔ صدارتی انتخاب کے لیے پولنگ 9 مارچ کو صبح 10 سے شام 5 بجے تک پارلیمنٹ ہاؤس اور چاروں صوبائی اسمبلیوں میں ہوگی۔
Discussion about this post