پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے بلوچستان کے ضلع آواران کا دورہ کیا ہے۔ کور کمانڈر بلوچستان کور نے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا استقبال کیا۔ آرمی چیف کو سیکیورٹی کی صورتِ حال، پاک فوج کی سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے کوششوں پر بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر آرمی چیف نے شہدا کے اہلِ خانہ، مقامی عمائدین اور کسانوں سے بات چیت کی۔ اپنے خطاب میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ زراعت کی اہمیت اور گرین پاکستان انیشیٹو کے لیے فوج کے عزم پر زور دیا۔ کسانوں کو ہر قسم کی زرعی سہولتیں فراہم کی جائیں گی، آسان زرعی قرضے فراہم کیے جائیں گے۔
اُن کا مزید کہنا تھا کہ کسانوں کو بیج، کھاد، سولر ٹیوب ویل اور ماہرینِ زراعت کی رہنمائی فراہم کی جائے گی۔ معاونت کی جائے گی تاکہ کسان اپنی زمینیں کاشت کر کے پاکستان کی ترقی میں حصہ ڈال سکیں۔ آرمی چیف کا کہنا تھا کہ سول محکموں کے ساتھ مل کر بلوچستان میں ترقیاتی اور امدادی سرگرمیاں جاری رکھیں گے۔بلوچستان کی کامیابی پاکستان کی کامیابی ہے، پاکستانی عوام کو مشکلات کے مقابلے میں ڈٹے رہنے والے بلوچستان کے بہادروں پر فخر ہے۔ اس موقع پر سربراہ پاک فوج جنرل عاصم منیر نے کیڈٹ کالج آواران کا افتتاح بھی کیا جہاں انہوں نے فیکلٹی ممبران اور طلباء سے بات چیت کی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے ادارے امن و خوش حالی کے لیے خدمات پیش کرتے رہیں گے۔
Discussion about this post