سندھ کے وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کی صدارت میں کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں فیصلہ کیاگیا کہ اب صوبے بھر میں کسان کارڈ کی شروعات کی جائے گی۔ گندم کی خریداری میں کسان کارڈ والوں کو ترجیح دی جائے گی، قدرتی آفت کی صورت میں کسان کارڈ کے ذریعے ہاریوں کی مدد کی جائے گی۔ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ زراعت کی سائنسی بنیادوں پر ترقی کے لیے اقدامات کریں گے، اگلے بجٹ میں چیئرمین بلاول بھٹو کی ہدایت پر ہر ضلع کی ترقی کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔ اس اہم اجلاس میں فیصلہ تو یہ بھی ہوا ہے کہ پیپلز بس سروس کے جنوری سے جون تک کے لیے 521 ملین روپے کے اخراجات منظور کیے جائیں۔ وزیر ٹرانسپورٹ شرجیل میمن نے بتایا کہ سندھ حکومت نے پیپلز بس سروس پروجیکٹ اکتوبر 2021 میں شروع کیا تھا۔ اس وقت 230 بسیں چل رہی ہیں جبکہ مزید 40 بسیں خریدی جائیں گی۔اپریل 2023ء تا فروری 2024ء تک 968 ملین روپے کی سبسڈی حکومت دے چکی ہے۔
Discussion about this post