امریکی صدر جو بائیڈن نے وزیراعظم شہباز شریف کو خط لکھا ہے جس میں انہوں نے پاکستان کی نومنتخب حکومت کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف کا عہدہ سنبھالنے کے بعد امریکی صدر کا یہ پہلا خط ہے۔ خط کے متن کے مطابق دونوں ممالک کے عوام کے درمیان شراکت داری دنیا اور ہمارے عوام کی سلامتی یقینی بنانے میں نہایت اہم ہے۔ دنیا اور خطے کو در پیش وقت کے اہم ترین چیلنجز کا سامنا کرنے میں امریکہ پاکستان کے ساتھ کھڑا رہے گا، صحت عامہ کا تحفظ، معاشی ترقی اور سب کیلئے تعلیم مشترکہ وژن ہے جسے مل کر فروغ دیتے رہیں گے۔ خط کے مطابق امریکہ پاکستان گرین الائنس فریم ورک سے ماحولیاتی بہتری کیلئے ہم اپنے اتحاد کو مزید مضبوط کریں گے، پائیدار زرعی ترقی، آبی انتظام اور 2022 کے سیلاب کے تباہ کن اثرات سے بحالی میں پاکستان کی معاونت جاری رکھیں گے، پاکستان کے ساتھ مل کر انسانی حقوق کے تحفظ اور ترقی کے فروغ کیلئے پرعزم ہیں۔ دونوں ممالک کے عوام کے درمیان استوار قریبی رشتے مزید مضبوط بنائیں گے۔ واضح رہے کہ طویل عرصے کے بعد کسی بھی امریکی صدر کا پاکستانی وزیراعظم کو پہلا سفارتی خط لکھا گیا ہے۔
Discussion about this post