دفترخارجہ پاکستان کے مطابق سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطح کا وفد 2روزہ دورے پر پاکستان پہنچے گا۔ اس دورے کے دوران وفد صدر پاکستان، وزیر اعظم، وزیر خارجہ اور ہم منصب وزرا سمیت آرمی چیف اور ایس آئی ایف سی کی اپیکس کمیٹی سے ملاقاتیں کرے گا۔ سعودی وفد میں وزیر پانی و زراعت انجینیئر عبدالرحمٰن عبد المحسن الفضلی، وزیر صنعت و معدنی وسائل بندر ابراہیم الخوریف، نائب وزیر سرمایہ کاری بدر البدر، سعودی خصوصی کمیٹی کے سربراہ محمد معید التویجری اور وزارت توانائی اور سعودی فنڈ فار جنرل انویسٹمنٹ کے سینیئر حکام شامل ہیں۔ دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ اہم سعودی وفد کا دورہ وزیر اعظم شہباز شریف اور سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے درمیان مکہ میں ہونے والی حالیہ ملاقات کے دوران دوطرفہ اقتصادی تعاون کو بڑھانے کے لیے طے پانے والے معاہدوں کو جلد پایہ تکمیل تک پہنچانے سے متعلق ہے۔ دفتر خارجہ نے ایک بیان میں کہا تھا کہ پاکستان اور سعودی عرب نے توثیق کی ہے کہ وہ 5 ارب ڈالر کے سرمایہ کاری پیکج کو تیزی سے آگے بڑھانے کے لیے پرعزم ہیں۔
Discussion about this post