وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے ایک انٹرویو میں اس جانب اشارہ کیا ہے کہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے ساتھ اقتصادی اصلاحاتی پروگرام کے لیے اربوں ڈالرقرض کے نئے معاہدے پر بات چیت کا آغاز ہوچکا ہے۔ آئی ایم ایف کے ساتھ جاری پروگرام کے معاہدے کے تحت 1.1 ارب ڈالر کی آخری قسط کے رواں ماہ کے آخر تک منظور ہونے کا امکان ہے۔ وفاقی وزیر کے مطابق اس وقت پاکستانی مارکیٹ میں کاروبار کی فضا بہترین ہے اور سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہونے کی وجہ سے رواں مالی سال میں ہم ماضی کے مقابلے میں زیادہ بہتر نتائج کی توقع کررہے ہیں۔ پاکستان اقتصادی اصلاحات کی پالیسی پر مکمل عمل درآمد کے لیے اپنی ضرورت کے مطابق آئی ایم ایف سے نئے پروگرام کے سلسلے میں کم از کم 3 سالہ پروگرام کی درخواست کرے گا۔ اُن کا مزید کہنا تھا کہ امریکا پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے اور اس نے سرمایہ کاری کے حوالے سے ہمیشہ پاکستان کی مدد کی ہے۔ اسی طرح سی پیک کے ذریعے بھی بہت بڑی سرمایہ کاری کے پروگرام پاکستان کی پالیسی کا حصہ ہیں۔
Discussion about this post