بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق دونوں افراد کو ریاست گجرات کے شہر سے گرفت میں لیا گیا ہے۔ پولیس نے ان کی شناخت وکی گپتا اور ساگر پال کے طور پر کی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ یہ افراد ممبئی سے سورت فرار ہوئے اور پھر بھوج پہنچے ۔ معلوم ہوا ہے کہ عدالتی پیشی کے لیے اب ان دونوں کو ممبئی لایا جائے گا اور ان سے مزید تفتیش کی جائے گی اور اس نتیجے پر پہنچا جائے گا کہ سلمان خان کے باہر انہیں فائرنگ کے حکم کس نے دیا تھا۔ یاد رہے کہ اتوار کو سلمان خان کے گھر کے باہر موٹرسائیکل سواروں نے فائرنگ کی تھی ۔ ملزمان نے سلمان خان کے اپارٹمنٹ کی پہلی منزل پر ایک گولی چلائی جو سامنے کی بالکونی کے ساتھ والی دیوار سے ٹکرا گئی اور پھر ہوائی فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہو گئے۔ پولیس کو جائے وقوعہ سے گولیوں کے 5 خول اور ایک بغیر چلا راؤنڈ ملا۔ واقعے کے بعد سلمان خان کے اپارٹمنٹ کے باہر مسلح پولیس اہلکار تعینات کردیے گئے ہیں۔
پولیس کا دعویٰ ہے کہ ان افراد نے حملے سے پہلے علاقے کی ریکی بھی کی تھی۔ پولیس نے سلمان خان کی رہائش گاہ سے ایک کلومیٹر کے فاصلے پر ان کی گاڑی، ایک موٹر سائیکل، جو ممکنا طور پر چوری کی گئی تھی، برآمد کر لی ہے۔ اس واقعے کے بعد لارنس بشنوئی کے بھائی انمول بشنوئی نے فیس بک پر حملے کی ذمہ داری قبول کی جسے اس نے ایک ‘ٹریلر’ قرار دیا۔ انہوں نے سلمان خان کو خبردار کیا کہ وہ ان کا امتحان نہ لیں۔ سوشل میڈیا پوسٹ میں لکھا تھا کہ یہ پہلی اور آخری وارننگ ہے۔ اس کے بعد آپ کے گھر پر فائرنگ کی جائے گی۔
Discussion about this post