منگل کی رات متحدہ عرب امارات کی مختلف ریاستوں میں طوفانی بارش کا سلسلہ شروع ہوا۔ دبئی حکام کے مطابق طوفانی بارشوں نے 75 سال کا ریکارڈ توڑ دیا۔ بارش اس قدر دھواں دھار تھی کہ دبئی کے شیخ زاید روڈ کو بند کرنا پڑ گیا، ٹریفک جام سے چند کلومیٹر کا فاصلہ کئی گھنٹوں کا بن گیا۔ بلند ترین عمارت برج خلیفہ کے سامنے بھی پانی جمع ہو گیا، 25 منٹ تک دبئی ایئر پورٹ پر فلائٹ آپریشن بند رہا۔
حکومت نے عوام کو گھروں میں رہنے کی ہدایت کی ہے۔ حکومت کی ہدایت پر اسکولوں میں ریموٹ لرننگ جبکہ دفاترکے ملازمین کو ورک فرام ہوم کا کہا گیا ہے۔ سڑکوں پر نکاس آب کے لیے عملہ مصروف یے جبکہ ہلکی بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ طوفانی بارش کی وجہ سے دبئی ائیرپورٹ پرفلائٹ شیڈول متاثر ہے۔ دبئی ایئرپورٹ حکام کا کہنا ہے کہ مسافر ایئر پورٹ آنے کی زحمت نہ کریں، فلائٹ آپریشن بحالی میں غیر معمولی چیلنجز درپیش ہیں اور فلائٹس آپریشن کی بحالی میں وقت لگے گا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق دبئی کی ایمریٹس ایئر لائن نے آج رات 12 بجے تک اپنے چیک ان کاؤئنٹر بند کردیے ہیں۔ معلوم ہوا ہے کہ دبئی اور ابوظبی کی متعدد شاہراہوں کو بند کردیا گیا،میٹرو کے متعدد اسٹیشن بھی زیر آب آگئے ہیں۔ شہریوں سے یہی کہا گیا ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے دور رہیں۔
Discussion about this post