اسلام آباد کی احتساب عدالت میں دائر جعلی بینک اکاؤنٹس و توشہ خانہ گاڑیوں سے متعلق ریفرنس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ اب قومی احتساب بیورو (نیب) نے میاں نواز شریف کو توشہ خانہ ریفرنس سے بری کرنے کی استدعا کر دی۔ احتساب عدالت میں نیب کی جانب سے جمع کرائی گئی رپورٹ کے مطابق سپریم کورٹ نے جعلی بینک اکاونٹ سے متعلق ریفرنس کی ہدایت کی تھی، نواز شریف نے گاڑی کی رقم جعلی بینک اکاؤنٹ سے ادا نہیں کی۔ 1997 میں گاڑی توشہ خانہ کو سرنڈر کر دی گئی تھی جبکہ 2008 میں جب گاڑی نواز شریف نے خریدی تو وہ توشہ خانہ کی ملکیت ہی نہیں تھی۔ 2008 میں اس وقت کے وزیرِ اعظم یوسف رضا گیلانی نے نواز شریف کو گاڑی خریدنے کی پیش کش کی، نواز شریف نے گاڑی توشہ خانہ سے نہیں وفاقی ٹرانسپورٹ پول سے خریدی۔ نیب رپورٹ کے مطابق اب یہ عدالت کا اختیار ہے کہ وہ سابق وزیراعظم کو اس ریفرنس سے بری کردے۔ نیب کا کہنا ہے کہ عدالت نواز شریف کو توشہ خانہ ریفرنس سے خارج بھی قرار دے سکتی ہے۔
Discussion about this post