وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے سیکوریٹی اسکواڈ کی گاڑی اور موٹرسائیکل میں نارووال میں مبینہ ٹکر اور پھر نوجوان کے جاں بحق ہونے کے واقعے پر پنجاب حکومت نے وضاحت پیش کردی۔ ترجمان پنجاب حکومت کا کہنا ہے کہ مریم نواز نے نوجوان کی ہلاکت کا سخت نوٹس لیا اور فوری کارروائی کا حکم بھی دیا۔ ساتھ ہی وزیراعلیٰ پنجاب نے حادثے میں ملوث گاڑی کی شناخت اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے ہدایات جاری کی ہیں۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز 18 اپریل کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے کرتارپور گئیں، جب نارووال میں نوجوان کی ہلاکت کا حادثہ پیش آیا تو وہ سیکیورٹی اسکواڈ کے ساتھ سفر نہیں کر رہی تھیں۔ وزیراعلیٰ کے حکم پر پولیس نے مقدمہ درج کرکے نوجوان کی موت کی تحقیقات شروع کردی ہے۔
دوسری جانب عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ محمد ابوبکر مبینہ طور پر ایلیٹ فورس کی گاڑی کی زد میں آ کر جاں بحق ہو گیا تھا، یہ گاڑی وزیر اعلیٰ کے پروٹول کی گاڑیوں کا حصہ تھی۔ واقعہ کرتارپور جاتے ہوئے شکر گڑھ روڈ پر چندووال اسٹاپ پر پیش آیا جہاں وزیراعلیٰ نے اسی دن بیساکھی تہوار کی تقریب میں شرکت کی تھی لیکن صوبائی حکومت نے ان خبروں کو مسترد کر دیا ہے۔ اُدھر ڈی پی او نوید ملک کا کہنا ہے کہ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کر لی ہے، جس سے معلوم ہوا ہے کہ ابوبکر کو نامعلوم موٹر سائیکل سوار کی ٹکر سے زمین پر گرا ،جس ے بعد وہ سرکاری گاڑی سے ٹکرا گیا جس کے نتیجے میں اس کی موت ہو گئی۔ نامعلوم موٹر سائیکل سوار کی تلاش جاری ہے۔
Discussion about this post