نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی نے خیبرپختونخوا اور بلوچستان کےکئی حصوں میں پیر تک شدید بارشوں کے ساتھ ساتھ سیلابی صورتحال سے خبردار کرتے ہوئے الرٹ جاری کردیا۔ جس کے مطابق بالائی حصوں میں ممکنا طور پر موسلادھار بارش، اولے اور طوفان کی پیشگوئی ہے جس سے سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کا اندیشہ ہے۔ محکمہ موسمیات نے بھی مغربی سسٹم کے داخل ہونے سے خبردار کیا ہے جس سے منگل تک موسمی حالات خراب ہوسکتے ہیں۔ نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ نئے سسٹم کے داخل ہونے کی صورت میں خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، گلیات، مری، اور آزاد جموں و کشمیر میں خطرناک بارش کا امکان ہے۔ یہ اس قدر تیز اور طوفانی بارشیں ہوں گی جس کی وجہ سے انفراسٹرکچر اور فصلوں کو شدید نقصان پہنچ سکتا ہے۔ اسی بنا پر عوام کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ غیر ضروری سفر کرنے اور دریاؤں اور نہروں کو پار کرنے سے گباز رہیں ، کچے مکانات کی مرمت کریں اور پانی کی نکاسی کو یقینی بنائیں۔
Discussion about this post