کینیڈا میں سکھ علیحدگی پسند رہنما ہردیپ سنگھ نجر کے قتل کے الزام میں 3 بھارتی شہریوں کو گرفتار کرکے ان پر فرد جرم لگادی گئی ہے جبکہ کینیڈین پولیس کا کہنا ہے کہ اس بات کی بھی تحقیقات ہورہی ہیں کہ ان افراد کا بھارتی حکومت سے کیا رابطے تھے۔حکام کا کہنا ہے کہ تینوں مشتبہ افراد کی شناخت 22 سالہ کرن برار، 22 سالہ کمل پریت سنگھ اور 28 سالہ کرن پریت سنگھ کے طور پر کی گئی ہے اور ان پر قتل اور اقدام قتل کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ تفتیش میں امریکی ایجنسیوں سمیت قانون نافذ کرنے والے دیگر غیرملکی اور ملکی ادارے تعاون کر رہے ہیں۔ تینوں افراد 3 سے 5 سال پہلے بھارت سے کینیڈا آئے تھے اور البرٹا کے شہر ایڈمنٹن میں رہائش پذیر تھے۔ ملزمان نے اپنی شناخت چھپانے کے لیے اپنے چہروں کی ساخت میں بھی تبدیلی کر رکھی تھی۔ تینوں افراد کی تصاویر اور قانونی نام جلد منظر عام پر لائے جائیں گے جبکہ تینوں ملزمان کو پیر کو برٹش کولمبیا میں عدالت میں پیش کیا جائے گا۔یاد رہے کہ سکھ علیحدگی پسند رہنما ہردیپ سنگھ نجرکو گزشتہ سال جون میں وینکوور کے مضافاتی علاقے میں نقاب پوش مسلح افراد نے گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا۔ کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کا کہنا تھا کہ اس قتل میں بھارت ملوث ہے جس کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان سفارتی تنازع بڑھ گیا تھا ۔
Discussion about this post