سربندر کے علاقے میں فش ہاربر جیٹی کے قریب رہائشی کوارٹر پر نامعلوم مسلح افراد نے تقریباً رات 3 بجے حملہ کیا اور فائرنگ سے کوارٹر میں سوئے ہوئے 7 افراد کو قتل کردیا۔ واقعے میں ایک شخص زخمی ہوا ہے۔ پولیس تحقیقات کے مطابق جاں بحق اور زخمی ہونے ولے افراد کا تعلق پنجاب کے ضلع خانیوال سے ہے جو علاقے میں حجام کی دکان پر کام کرتے تھے۔ واقعے کے بعد سیکوریٹی فورسز نے پورے علاقے کو گھیرے میں لے کر مسلح قاتلوں کی تلاش شروع کردی۔ جاں بحق افراد کی شناخت ساجد ،اسد عنصر، شان، مکرب ،عدنان ،حسیب کے ناموں سے ہوئی ہے جب کہ زخمی شخص کا نام ارسلان ہے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے گوادر واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بے گناہ مزدوروں کا قتل کھلی دہشت گردی ہے۔ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کا پیچھا کریں گے اور ان کے خلاف جس قسم کی فورس استعمال کرنا پڑی کریں گے، مگر ریاستی رٹ ہر صورت برقرار رکھیں گے۔
Discussion about this post