پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے لاہور گیریژن کا دورہ کیا اور یادگار شہداء پر پھول رکھے۔ آرمی چیف کی آمد پر کورکمانڈر لاہور نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔ اس موقع پر آرمی چیف نے مادر وطن کے لیے جانیں قربان کرنے والے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر آرمی چیف کو فارمیشن کی آپریشنل تیاریوں پر بریفنگ دی گئی۔ آرمی چیف نے افسران اور جوانوں کو قوم کےلیے خدمات پیش کرنے اور پیشہ ورانہ مہارت پر سراہا۔
آرمی چیف نے کور ہیڈکوارٹرز میں گیریژن آفیسرز سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دشمن قوتیں اور ان کے سرپرست جھوٹ، جعلی خبروں، پروپیگنڈے سے ڈیجیٹل ٹیررازم کر رہے ہیں۔ آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ بلاشبہ 9 مئی پاکستان کی تاریخ میں سیاہ دن رہے گا۔ اشتعال انگیزیوں کا جواب نہ دینے کو کمزوری اور ہمارے صبر کو لامحدود نہ سمجھا جائے۔ مسلح افواج اور عوام کے مابین تفریق پیدا کرنے کی کوشش کی جاری ہے، قوم کی حمایت سے ان تمام قوتوں کے عزائم کو ناکام بنایا جائے گا۔ جنرل عاصم منیر کا مزید کہنا تھا کہ وہ لوگ مجرمانہ عناصر کے مذموم سیاسی مقاصد نہیں سمجھ سکے، انہیں منصوبہ سازوں نے اپنی خواہشات کا ایندھن بنایا۔ ان ورغلائے ہوئے افراد کو سپریم کورٹ کی ہدایات پر پہلے سے شک کا فائدہ دیا جاچکا ہے۔ اس گھناؤنے منصوبے کے اصل رہنما خود کو معصوم ظاہر کرتے ہیں۔ انہیں اب اپنے جرائم کا حساب دینا پڑے گا، خصوصاً جب ان کے ملوث ہونے کے واضح ثبوت ہیں۔
آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ شہدا اور ان کے اہلخانہ یا ادارے کی بےحرمتی کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی۔ 9 مئی کے منصوبہ سازوں، سہولت کاروں اور مجرموں کو ملکی قانون کے مطابق انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ اشتعال انگیزیوں کا جواب نہ دینے کو کمزوری اور ہمارے صبر کو لامحدود نہ سمجھا جائے۔ اس موقع پر آرمی چیف نے لاہور گیریژن میں جناح لائبریری کا افتتاح بھی کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم تعمیری قوت کی حیثیت سے راکھ اور ملبے کے ڈھیر پر پبلک لائبریری بنا کر قائد کی حرمت کو دوبارہ روشن کر رہے ہیں۔
Discussion about this post