اسلام آبادکی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں دورانِ عدت نکاح کیس میں سزا کے خلاف اپیلیں جلد سماعت کے لیے مقرر کرنے اور سزا کی معطلی کی درخواستوں پر جج افضل مجوکا نے سماعت کی۔ اس موقع پر بشریٰ بی بی کے وکیل خالد یوسف چوہدری اورعثمان ریاض گل عدالت میں پیش ہوئے، وکیل عثمان ریاض گل نےاستدعا کی کہ ہفتے کیلئے سماعت رکھ لیں ہم آج بھی میسر ہیں آج ہی ہمیں سن لیں، جج افضل مجوکا نے ریمارکس دیے کہ رات خود ججمنٹ ڈاؤن لوڈ کی اور پڑھی،ہائیکورٹ کا فیصلہ پڑھ لیا ہے 27 جون تک سزا معطلی پر فیصلہ کرنا ہے،کل کے لئےممکن نہیں،اگلے جمعہ کی تاریخ رکھ لیتے ہیں، اگر زندہ رہا تو 10 دن میں فیصلہ کردوں گا، اگر دوسری پارٹی پیش نہ ہوئی تو آپ کو سن کر فیصلہ کردوں گا۔ ایڈیشنل اینڈ سیشن جج افضل مجوکا نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے خاور مانیکا کو وکیل کے ہمراہ21 جون کو عدالت پیش ہونے کی ہدایت کردی۔ یاد رہے کہ جمعرات کو اسلام آباد ہائیکورٹ نےاسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ کو عدت کیس کی اپیل کا فیصلہ ایک ماہ میں کرنے کا حکم دیا تھا۔
Discussion about this post