خطبہ حج دیتے ہوئے مسجدالحرام کے امام اور خطیب شیخ ڈاکٹر ماہر بن حمد نے کہا ہے کہ عبادت صرف خدا تعالیٰ کی اور حکم صرف اسی کا اور یہی دین ہے، جو تقویٰ اختیار کرے گا اسے وہاں سے رزق ملے گا جہاں سے گمان بھی نہیں ہوگا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ خدا سے ڈرو جس طرح ڈرنے کا حق ہے، اس دن ڈرو جس کوئی کسی کے کام نہیں آئے گا، بے شک خدا کا وعدہ سچا ہے اور قیامت قائم ہوگی، اس دن کوئی دنیا کا دھوکہ اور مال و متاع کسی کے کام نہیں آئے گا۔ خطیب شیخ ڈاکٹر ماہر بن حمد کا کہنا تھا کہ ہر چیز کا وہ مالک ہے جس نے قرآن نازل کیا رحمت بناکر اور لوگوں کے حالات اچھے کیے، قرآن وہ کتاب ہے جس کی آیات حکمت سے بھری ہیں یہ قرآن لوگوں کو سیدھی راہ دکھاتا ہے اور میں گواہی دیتا ہوں۔ خدا متقی لوگوں کو فلاح کے ساتھ نجات دیتا ہے۔ یاد رہے کہ 20 لاکھ سے زائد عازمین حج آج میدان عرفات میں حج کا رکن اعظم ادا کریں گے۔ حجاج سارا دن میدان عرفات میں عبادت اور دعائیں کرتے گزاریں گے۔
عرفات میں حج کا خطبہ سننے کے بعد ظہر اور عصر کی نماز ملا کر ادا کی جائے گی۔ مغرب سے قبل حجاج کرام مزدلفہ کی طرف روانہ ہوں گے اور وہاں مغرب اور عشا کی نماز اکٹھی پڑھیں گے۔ مزدلفہ میں حجاج کرام رمی جمرات کے لیے کنکریاں اکھٹی کریں گے ۔
Discussion about this post