وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین نے بجلی کی لوڈشیڈنگ کے معاملات افہام و تفہیم سے اگلے 48 گھنٹوں میں حل کرنے پر اتفاق کرلیا۔ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے گرڈ اسٹیشن میں داخل ہوکر بجلی بحال کرنے اور نیشنل گرڈ کو بجلی نہ دینے کے اقدام پر وزیر داخلہ نے علی امین گنڈا پور سے ٹیلی فونک رابطہ کیا۔ علی امین گنڈاپور نے محسن نقوی کو اپنے تحفظات اور عوامی شکایات کے حوالے سے آگاہ کیا۔ دونوں شخصیات نے خیبرپختونخوا میں 12 گھنٹے لوڈشیڈنگ پر اگلے 2 روز میں مذاکرات اور مشاورت پر اتفاق کیا۔ دونوں نے اس معاملے کوافہام و تفہیم سے باہمی غلط فہمیاں دور کرنے کے ساتھ حل کرنے پر اتفاق کیا۔ وزیراعلیٰ کے پی نے وزیرداخلہ داخلہ کو گرڈ اسٹیشنز کی حفاظت اور تحفظ کی یقین دہانی کرائی جبکہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پوری کوشش ہے کہ خیبرپختونخوا میں لوڈشیڈنگ کا مسئلہ جلد حل ہو، تمام وفاقی تنصیبات کی حفاظت ہماری ذمہ داری ہے۔
Discussion about this post