میڈیا رپورٹس کے مطابق بانی پی ٹی آئی کے لیے اڈیالہ جیل میں سہولت کاری کے معاملے میں سابق ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل محمد اکرم کا جیل میں مکمل نیٹ ورک دھرلیا گیا ، جیل کے مزید 2 افسران یعنی اسسٹنٹ ناظم اور سابق ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ ظفر سے تحقیقات کی جارہی ہیں۔ دونوں افسران سابق ڈپٹی سپریٹنڈنٹ اڈیالہ جیل اکرم کے قریب رہائش پذیر تھے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اڈیالہ جیل سے ہٹائے گئے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ محمد اکرم سے حاصل معلومات کی بنیاد پر مزید 6 ملازمین سے پوچھ گچھ کی جائے گی۔ محمد اکرم کے 2 اردلی، 3وارڈر اور ہیڈ وارڈر سے پوچھ گچھ کی جائے گی۔ تمام ملازمین محمد اکرم کے قریبی تصور کیے جاتے ہیں۔ بانی پی ٹی آئی کو جیل میں موبائل فون کی سہولت فراہم کرنے کے حوالے سے بھی بڑی پیش رفت ہوئی ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ 3 یورپی ممالک کے نمبرز پر بنائے گئے واٹس ایپ کے لیے استعمال ہونے والے موبائل فون کے شواہد بھی مل چکے ہیں۔ محمد اکرم پر بانی پی ٹی آئی کے لیے پیغام رسانی اور سہولت کاری کا الزام ہے۔ ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ محمد اکرم مختلف اوقات میں مجموعی طور پر 15 سال سے زائد عرصہ اڈیالہ جیل تعینات رہے۔
Discussion about this post