محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اگلے 3 دن میں پنجاب، خیبر پختونخوا، سندھ اور بلوچستان میں موسلادھار بارشوں اور گرج چمک کے ساتھ گرد آلود ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ شدید بارشوں کی وجہ سے سندھ، بلوچستان اور جنوبی پنجاب کے نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خطرہ ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطبق اکثر علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے جس کی وجہ سے ریڈ الرٹ جاری کیا جا رہا ہے۔ آج اسلام آباد، راولپنڈی اور کراچی میں وقفے وقفے سے تیز ہواؤں کے ساتھ ہلکی اور موسلادھار بارش جاری ہے۔ اُدھر وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے وزیراعلیٰ ہاؤس میں رین ایمرجنسی سیل قائم کر دیا ہے۔ موسمی صورتحال کے پیش نظر تمام ڈویژنل کمشنرز کو 24 گھنٹے متحرک رہنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔ ایڈشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو کی ہدایت پر کراچی پولیس کو الرٹ کر دیا گیا۔ گشت پر مامور پولیس کی گاڑیوں کو ضروری اوزار، ٹیوب اور بارش میں پھنسی گاڑیوں کو نکالنے میں استعمال ہونے والے آلات سے لیس کرنے کا حکم بھی دیا گیا ہے۔ عوام سے گزارش کی گئی ہے کہ بجلی کی تاروں، کھمبوں، درختوں اور سائن بورڈز سے دور رہیں۔
Discussion about this post