محکمہ موسمیات نے بحیرہ عرب میں سمندری طوفان ’اسنیٰ‘ بننے کے حوالے سے ایک اور الرٹ جاری کردیا ہے۔ بحیرہ عرب میں 48 سال بعد بننے والے اس طوفان کا کراچی سے فاصلہ تقریباً 120 کلومیٹر جبکہ ٹھٹھہ سے 180 کلومیٹر رہ گیا ہے۔ اسی طرح بلوچستان کے ساحلی مقام اورماڑہ سے طوفان ’اسنیٰ‘ کا فاصلہ 250 کلومیٹر جبکہ گوادر سے 440 کلومیٹر ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سمندری طوفان بحیرہ عرب کے شمال مشرق میں موجود ہے اور مغرب کی جانب بڑھ رہا ہے۔ سمندری طوفان کے باعث کراچی، ٹھٹہ، حیدر آباد، بدین اور عمر کوٹ سمیت سندھ کے دیگر اضلاع میں آج 60 سے 70 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چلنے کے ساتھ موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق سمندر میں 80 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے لہٰذا سندھ اور بلوچستان کے ماہی گیر یکم ستمبر تک سمندر میں نہ جائیں۔
Discussion about this post