چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی کی زیرِ صدارت سینیٹ اجلاس ہوا جس میں اسلام آباد میں مخصوص جگہ پر پُرامن جلسے جلوس کے انعقاد کا بل پیش کیا گیا۔ اس موقع پر پی ٹی آئی کے سینیٹر علی ظفر کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں ایک جلسہ ہورہا ہے، اس جلسے کو روکنے کیلئے یہ قانون بنایا جارہا ہے۔ سینیٹرعرفان صدیقی نے کہا کہ اس بل کا کسی جلسے سے کوئی تعلق نہیں، کسی پرامن جلسے کو روک نہیں رہے بلکہ ہم تو ان کو سہولت دے رہے ہیں۔ ایوان میں بل پر شق وار رائے شماری ہوئی جس میں بل کثرت رائے سے منظور کرلیا گیا۔ اس موقع اعظم نذیر تارڑ کا کہنا تھا کہ ایک جگہ مختص کردی جائے گی، میڈیا بھی وہاں ہوگا۔ چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ جلسے جلوس کےلیے کوئی ہائیڈ پارک جیسی جگہ بنادی جائے۔ معلوم ہوا ہے کہ اس بل کے منظور ہونے کے بعد اب اسلام آباد کے موضع سنگنجانی یا کسی بھی ایسے علاقے میں جلسہ جلوس کیا جاسکے گا جہاں حکومت اجازت دے گی، حکومتی اجازت کے بغیر جلسہ جلوس کرنے یا اس میں شامل ہونے والوں کو تین سال تک جیل میں ڈالاجاسکے گا۔
Discussion about this post