وزارت داخلہ پنجاب کی طرف سے پولیس افسروں اور اہلکاروں کے باڈی کیم اور سوشل میڈیا استعمال پر پابند ی کے نوٹیفکیشن جاری کر دیے گئے، جس کے تحت اب آپریشن، انویسٹی گیشن اور ٹریفک ونگ کے اہلکار کیمرے لگائیں گے۔ جن سے پولیس اہلکاروں کی رئیل ٹائم مانیٹرنگ بھی ممکن ہوگی۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کا کہنا ہے کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ ان کی اوّلین ترجیح ہے، اس سلسلے میں کوئی کوتاہی برادشت نہیں کی جائے گی، انہوں نے کہا باڈی کیم کا مقصد پولیس کے رویے میں بہتری اور مانیٹرنگ یقینی بنانا ہے۔ پولیس افسران اور اہلکار دوران ڈیوٹی سوشل میڈیا استعمال نہیں کرسکیں گے۔ یاد رہے کہ پنجاب حکومت نے پولیس افسران اور اہلکاروں کے ٹک ٹاک، فیس بک سمیت دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو استعمال کرنے پر بھی پابندی لگا دی ہے۔ یونیفارم میں ویڈیوز اپ لوڈ کرنے والے اہلکاروں کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
Discussion about this post