اسلام آباد میں وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت الیکٹرک وہیکلز کے استعمال کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا، جس میں وزیراعظم کو بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بجلی سے چلنے والی گاڑیوں کے فروغ کے لیے حکومت ترجیحی اقدامات کررہی ہے۔ بجلی سے چلنے والی گاڑیوں سے نا صرف پیٹرول اور ڈیزل کی درآمد کی مد میں قیمتی زر مبادلہ کی بچت ہو گی بلکہ یہ گاڑیاں ماحول دوست بھی ہوں گی۔ وزیراعظم نے ملک میں ای وہیکلز کی تیاری کے حوالے سے لائسنسز کے ضابطہ کار کو بہتر بنانے کی بھی ہدایت کی۔ شہباز شریف کاکہنا تھا کہ ای وہیکلز کی پالیسی کے حوالے سے تمام صوبوں، وفاقی اکائیوں اور اسٹیک ہولڈرز سے ضروری مشاورت کی جائے۔ لیپ ٹاپ اسکیم کی طرز پر سرکاری اسکولوں کے اچھی کارکردگی دکھانے والے طلبہ میں ای موٹر بائیکس تقسیم کی جائیں گی۔ اس موقع پر وزیراعظم نے کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو اسلام آباد میں بجلی پر چلنے والی پبلک ٹرانسپورٹ کے حوالےسے جامع پلان ترتیب دینے کی ہدایت کی۔ ساتھ ہی انہوں نے ملک میں الیکٹرک گاڑیوں کے فروغ کے لیے ماڈل فنانشل پلان پیش کرنے کی ہدایت کردی ہے۔
Discussion about this post