پنجاب کی سینئروزیر مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب کے صوبے کو پلاسٹک بیگز سے پاک کرنے کے وژن پر کام جاری ہے۔ گزشتہ 2 ماہ میں 77 ٹن پلاسٹک قبضے میں لے کر تلف کی گئی۔ صوبائی وزیر کا کہنا ہے کہ محکمۂ ماحولیات کے عملے نے لاہور میں چھاپے بھی مارے ہیں، قانون کی خلاف ورزی پر کارروائی کرتے ہوئے پلاسٹک بیگز قبضے میں بھی لیے گئے ہیں۔سرکاری دفاتر کی سطح پر پلاسٹک فری کی پالیسی پر عمل ہو چکا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ میڈیا رپورٹس کی مدد سے قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹیں گے، ماحولیاتی بہتری کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل درآمد جاری رہے گا۔ مریم اورنگزیب نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اس اقدام کو کامیاب کرنے کے لیے از خود پلاسٹک بیگز استعمال نہ کریں۔
Discussion about this post