تحریک انصاف نے راولپنڈی میں احتجاج کے اعلان پر ضلعی انتظامیہ نے اجازت نہیں دی۔ انتظامیہ کے مطابق شہر میں کسی بھی نوعیت کے جلسے جلوس کی اجازت نہیں۔ وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کو راولپنڈی میں احتجاج کی اجازت نہیں ملی کیونکہ راولپنڈی میں دفعہ 144 نافذ ہے اور ریجنرز کو بھی تعینات کیا گیا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ امن و امان خراب کرنے کی کوشش کی گئی تو سختی کے ساتھ نمٹا جائے گا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق راولپنڈی کی مختلف شاہراہوں کو کئی مقامات پر کنٹینرز لگا کر بند کر دیا گیا ہے جب کہ پولیس نفری بھی جگہ جگہ تعینات دیکھی جا سکتی ہیں۔ حکومت پنجاب کے محکمہ داخلہ کے ایک نوٹیفیکیشن کے مطابق راولپنڈی ڈویژن میں 2 روز کے لیے دفعہ 144 نافذ کیا گیا ہے۔ راولپنڈی ڈویژن کے تمام اضلاع بشمول راولپنڈی، اٹک، جہلم اور چکوال میں دفعہ 144 نافذ کیا گیا ہے، جب کہ ضلعی انتظامیہ کی سفارش پر راولپنڈی اور اٹک میں رینجرز کی 6 کمپنیاں تعینات کی گئی ہیں۔
Discussion about this post