سپریم کورٹ آف پاکستان میں آرٹیکل 63 اے کی تشریح سے متعلق نظر ثانی اپیل پر سماعت جاری ہے، چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں لارجر بینچ سکیس کی سماعت کررہا ہے۔ بینچ میں جسٹس امین الدین، جسٹس جمال خان مندوخیل، جسٹس نعیم اختر افغان اور جسٹس مظہر عالم میاں خیل بینچ میں شامل ہیں۔ یاد رہے کہ جسٹس منیب نے پیر کو بینچ کا حصہ بننے سے انکار کردیا تھا جس پر جسٹس منیب اختر کی جگہ جسٹس نعیم اختر افغان کو بینچ میں شامل کیا گیا ہے۔ سماعت کی شروعات میں چیف جسٹس نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ جسٹس منیب اختر سے بینچ میں شمولیت کی درخواست کی گئی تاہم انہوں نے اپنا پرانا موقف برقرار رکھا۔ آج کل سب کو معلوم ہے کہ سپریم کورٹ میں کیا چل رہا ہے، سپریم کورٹ میں کچھ بھی بند دروازوں کے پیچھے نہیں ہو رہا۔ چیف جسٹس کے مطابق کیس کی فائل اُن کے پاس آئی، جسٹس منصور علی شاہ کا نام تجویز کیا، جسٹس منصور علی شاہ نے بینچ میں شمولیت سے انکار کیا جس پر جسٹس نعیم اختر کو بینچ میں شامل کیا گیا، اب لارجر بینچ مکمل ہے، کارروائی شروع کی جائے۔
Discussion about this post