انسداد دہشت گردی عدالت میں کراچی ائرپورٹ سگنل کے قریب خودکش بم دھماکے سے متعلق ابتدائی اطلاعی رپورٹ سی ٹی ڈی کی طرف پیش کردی گئی ہے، جس میں چینی انجینئرز پر خودکش حملے کو پاکستان اور چین کے تعلقات خراب کرنے کی سازش قرار دیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق خودکش دھماکے میں بلوچستان لبریشن آرمی ملوث ہے۔ دہشت گردوں نے ملک دشمن غیر ملکی خفیہ ایجنسی کی مدد سے دھماکا کیا۔ نامعلوم دہشت گرد نے اپنی گاڑی کو چینی باشندوں کے قافلے کی گاڑیوں کے قریب لاکر دھماکا کیا۔ خودکش دھماکا ایگزٹ سگنل جناح انٹرنیشنل ٹرمینل کے قریب سی اے اے گارڈ روم کے سامنے ہوا۔ پولیس دھماکے کی آواز سن کر موقع پر پہنچی تو دیکھا کہ پولیس، رینجرز و دیگر افراد زخمی حالت میں تھے۔ دھماکے میں 2 چینی باشندے لی جون اور سن ہوازین سمیت 3 افراد جاں بحق ہوئے۔ دہشت گردی کی کارروائی میں 15 گاڑیاں مکمل طور پر تباہ ہوئیں۔ واقعے کا مقدمہ تھانہ ایئرپورٹ کے ایس ایچ او کی مدعیت میں درج کیا گیا۔ سی ٹی ڈی میں درج مقدمے میں قتل، اقدامِ قتل، حملہ، دھماکا خیز مواد، دہشت گردی سمیت دیگر دفعات لگائی گئی ہیں۔
Discussion about this post